حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بہت جشن منا لیا اب مسئلہ کشمیر کو پہلی ترجیح بنانا ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ڈالروں کا بھتہ وصول کر کےچلا گیا۔ مسلم حکمران غزہ کے قتل عام میں شریک ہے۔ لیکن اب پاکستان کو اپنا قائدانہ کردار ادا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کا ساتھ دینے کے نتیجے میں ہماری سرحدیں غیر محفوظ ہوئیں۔ اور افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے۔ امریکہ نے ہماری کون سی معیشت ٹھیک کر دی؟ اپنی جنگ خود لڑنا پڑے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارے ملین مارچ اس بات کا اعلان ہے کہ ہم امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمارے نہتے شہریوں پر حملہ کیا۔ تاہم مسلح افواج نے بھارت کو دندان شکن جواب دیا۔ بھارت کی حیثیت اب دنیا کے سامنے ختم ہوتی جا رہی ہے۔ اور پاکستان ابھر کر دنیا کے سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الخدمت فاؤنڈیشن کا لاکھوں مستحقین تک گوشت پہنچانے کا اعلان
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے پیشرفت کی جائے۔ ہم اسرائیل اورامریکہ کے خلاف ہیں۔ غزہ میں بچے بھوک سے شہید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھارت کو بےنقاب کرنا ہو گا۔ اور بھارت کے ساتھ تجارت کے بجائے کشمیر اور پانی کے مسئلے پر بات کرنا ہو گی۔ اب بہت جشن منا لیا اب کشمیر کے مسئلے کو پہلی ترجیح بنانا ہو گا۔
