ایبٹ آباد: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت جنگ کی جیت پر تکبر میں نہ آئے بلکہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا کرے۔
صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ایبٹ آباد پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے لیے میڈیا کالونی اسی سال دیں گے۔ صوبائی حکومت اور پریس کلب مل کر چلیں تو مسائل حل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں رکھ اس کی مقبولیت کم نہیں کر سکتے۔ اور انہیں جیل سے نکالیں تو حکومت بہتر انداز میں چلے گی۔ حکومت کو انتقامی ہتھکنڈوں سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی جعلی حکومت سے نہیں بلکہ اسٹیبلشمینٹ سے مذاکرات کریں گے۔ اور ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہو گا تو ملکی حالات بہتر نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بھارت کے ساتھ جنگ میں حکومت کا ساتھ دیا۔ جبکہ پی ٹی آئی اور صوبائی حکومت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفاقی حکومت جنگ کی جیت پر تکبر میں نہ آئے بلکہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا کرے۔
یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت، بشریٰ بی بی کا عدالت میں پیشی سے انکار
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتجاجی تحریک ختم نہیں کی بلکہ خیبر پختونخوا تک محدود کی ہے۔ ملک بھر میں جلد تحریک کا آغاز کریں گے۔ جس کے لیے مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی لیڈران کو پارٹی کے اندر کے اختلافات میڈیا پر نہیں لانے چاہیئیں۔ اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم اور اعظم سواتی کو آپس کے اختلافات ختم کر دینے چاہیئیں۔
