وطن عزیز کے 27ویں یومِ تکبیر کے موقع پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے 28 مئی 1998 کو حاصل ہونے والی جوہری صلاحیت کو پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اوردفاع کا مظہر قراردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یومِ تکبیر نہ صرف ایک تاریخی سنگِ میل کی یاد دہانی ہے بلکہ یہ دن اس عزم و حوصلے کی علامت ہے جس نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیردفاعی قوت میں بدل دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات، دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال
اس دن کی بدولت جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال ہوا اور پاکستان نے اپنے دفاعی نظریہ قابلِ اعتبار کم از کم ڈیٹرنس کوعملی طورپرثابت کیا۔
آئی ایس پی آرنے کہا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت ایک قومی امانت ہے جو صرف دفاعی مقاصد اورامن کی ضامن ہے اس موقع پراُن تمام سائنسدانوں، انجینئرز، افسران اوراہلکاروں کوخراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے یہ کارنامہ ممکن بنایا۔
مسلح افواج نے اعادہ کیا کہ وہ ہرخطرے کے مقابلے کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہیں اور یومِ تکبیر ہمیں اس ذمہ داری کی یاد دہانی کراتا ہے کہ مادرِوطن کی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے متحد، چوکس اور ثابت قدم رہنا ہمارا قومی فرض ہے۔
