پشاور: تاجر برادری نے مائنز اینڈ منرلز بل اور بجلی بلوں پر ایک ہزار روپے فکس ٹیکس کو مسترد کر دیا۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ کی زیر صدارات پاکستان کے تمام ریجنل آفسز کی زوم میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ جس میں پشاور ریجنل آفس سے ایگزیکٹیو ممبر شہزاد احمد صدیقی نے اپنے صوبے کی بزنس کمیونٹی اور چیمبرز کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا۔
شہزاد احمد صدیقی نے مطالبہ کیا کہ وفاق کی جانب سے مائنز اینڈ منرل کے متعلق جو بل پیش کیا گیا ہے اسے صوبے کی بزنس کمیونٹی نے اپنے صوبے کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ لہٰذا فیڈریشن بھی اس بل کو مسترد کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کے حقوق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ لہذا نیپرا نے جو بجلی کے بلوں پر ایک ہزار روپے فکس ٹیکس عائد کیا ہے اس کو ختم کیا جائے۔ صدارتی آرڈینیس کے ذریعے جو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو اختیار دیا گیا ہے اس کو بھی مسترد کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 14اشیاء سستی،13 مہنگی،24کی قیمتوں میں استحکام رہا
شہزاد احمد صدیقی نے کہا کہ پشاور ریجنل آفس فیڈریشن کی تعمیر میں فنڈ کی عدم دستیابی اور تعمیراتی کام کی تاخیر کی جو وجوہات ہیں ان کو فوری حل کیا جائے۔
اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے اور حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ملکی معاشی استحکام کے لیے اقدامات اور دیگر معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
