پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری شہادت کی آرزو زندگی سے زیادہ ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے چائنا میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے بھارت کے ساتھ کشیدگی، پاک چین تعلقات اور خطے کی صورتحال پر اپنا موقف پیش کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے چائنا میڈیا گروپ کے ہر سوال کا مفصل اور حقائق پر مبنی جواب دیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے سب سے اہم چیز اس کا حل اور اس کی طاقت ہے، ہم اللہ کے بعد سب سے زیادہ اپنے آپ پر انحصار کرتے ہیں۔
پاکستان کیساتھ جنگ بندی دو طرفہ تھی ، ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں تھا ، بھارت
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جب ہمارا عزم مضبوط ہوگا جو ہم نے دکھایا بھی تو پھر بین الاقوامی کمیونٹی بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے، ان کاکہنا تھا کہ دنیا کے جتنے بھی ممالک ہیں سب کو اس وقت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔
جو بڑے ممالک ہیں ان کا ویژن بھی بڑا ہے، لوگ انسانیت کی ترقی کی جانب دیکھ رہے ہیں، اس دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے مسائل ہیں، بڑھتی آباد کے مسائل ہیں یعنی بہت سارے مسائل سے دنیا نبردآزما ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ کیا ایسے میں ایک ملک دوسرے ملک پر بلاجواز، جھوٹے بیانیے اور بغیر ثبوت کے چڑھ دوڑے، پڑوسی ممالک کے اوپر اپنی اجارہ داری مسلط کرنے کی کوشش کرے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نہ پہلے جھکی تھی اور نہ ہم اب جھکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں پہلی بھی کہتا رہا ہوں اور اب بھی کہتا ہوں کہ ہماری شہادت کی آرزو زندگی سے زیادہ ہے،چاہے کسی نے نیلی، سفید یا خاکی وردی پہن رکھی ہے شہادت ہمارے لئے اعزاز ہے۔
اسحق ڈار کی چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر سے ملاقات ، اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور چین دنیا میں دو ذمہ دار ملک ہیں، پاکستان اور چین دونوں کی پہلی ترجیح لوگوں کی فلاح و بہبود ہے، لوگوں کی خوشحالی ہمیشہ امن و استحکام سے آتی ہے، پاکستان اور چین دونوں خطے میں امن و استحکام کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردی کی لعنت سے لڑ رہے ہیں، دہشتگردی کا مقصد ہی ترقی کو روکنا ہے، چین نے انتہائی کم عرصے میں اتنی بڑی آبادی کے ساتھ جو ترقی کی ہے اسے دنیا کو دیکھنا چاہئے، پاکستان کے عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ ہم ترقی اور استحکام کی جانب جائیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح امن ہے، آج پاکستان کی گلیوں میں دیکھیں تو آپ کو فتح نہیں امن کی خوشی مناتے لوگ نظر آئیں گے، پاکستان کے لوگوں میں آپ کو انسانیت نظر آئے گی، ہم عاجزی کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کیونکہ ہم امن پسند ہیں۔
