وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 5 نہیں بلکہ 6 جہاز مار گرائے ہیں اور جس طرح 3 رافیل کو نشانہ بنایا اُسے مودی اور دنیا قیامت تک یاد رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کامرہ ایئربیس میں پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جس طرح بھارت کے تین رافیل طیارے گرائے، مودی اسے قیامت تک یاد رکھے گا۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے پانچ نہیں چھ طیارے مار گرائے۔ دس مئی کو خطے کے نام نہاد تھانیدار کا بُت پاش پاش کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو پیغام دے دیا کہ دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو پاؤں تلے روند دیں گے۔ شاہینوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا اور دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔
آج میں آپ کو اپنی طرف سے اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی طرف سے عظیم اور شان دار فتح پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرنے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی میں قوم کے عظیم ماؤں کے بیٹوں سے مل کر آیا ہوں جنہوں نے اس مختصر جنگ میں دشمن کے نہ صرف دانت توڑے بلکہ اس کے گھمنڈ اور غرور کو بھی اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری کے ساتھ خاک میں ملایا۔
ان کا کہنا تھا کہ 6 مئی سے لے کر 10 مئی کے جو دن گزرے ہیں اور 10 مئی کو اختتام سے پہلے پوری دنیا کو آپ نے اپنی اعلیٰ ترین مہارت سے ورطہ حیرت میں ڈال دیا، دشمنوں کو آپ نے ان کے چاروں طبق روشن کردیے اور دوستوں اور بہی خواہوں کے اعتماد کو آسمان تک پہنچا دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے شان دار فتح پہلے ہمیں کبھی نصیب نہیں ہوئی اور اس شان دار فتح سے نہ صرف دنیا کی سوچ تبدیل کردیا بلکہ خطے اورپوری دنیا میں توازن کو تبدیل کردیا ہے، اس سے بڑی اللہ تعالیٰ کی ہم پرمہربانی کوئی نہیں ہوسکتی۔
نَصْر مِّن اللَّہ وَفَتْح قَرِيب، وزیر اعظم شہباز شریف
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی اس شان دار کامیابی پر ہم سب کی گردنیں اللہ کے حضور جھکی ہوئی ہیں مگر دشمن کو پیغام دیا کہ دوبارہ میلی سے دیکھا تو اس کو پاؤں تلے روند دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے فرنٹ سے لیڈ کیا، ان میں سپہ سالار جنرل عاصم منیر کو مبارک پیش کرتا ہوں، ایئرچیف ظہیربابرسندھو اور نیول چیف کو مبارک پیش کرتا ہوں کہ 10 مئی کو پوری دنیا میں ایک گونج اٹھی کہ یہ جنگ پاکستان نے اپنی تیکنیکی مہارت، اپنی تحقیق سے حاصل کردہ مہارت سے جیتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ابھی ہم نے ایک شان دار پریزینٹیشن لی، اس میں صحیح صورت حال سامنے آئی اور آج میں قوم کو بلاخوف و تردید یہ بتا سکتا ہوں کہ ان شاہینوں نے دشمن کے 5 نہیں 6 جہاز مار گرائے ہیں اوراس کے ساتھ ڈرونز بھی مارے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسا دشمن جو آبادی کے لحاظ سے کئی گنا بڑا ہے اور حالیہ برسوں میں اس نے کئی سو ارب ڈالر خرچ کرکے دنیا کا سب سے جدید اسلحہ خریدا اور عالمی طاقتوں کو بتایا کہ اس خطے میں وہی تھانیدار اور وہی پولیس مین ہے لیکن 10 مئی کی شام کو شاہینوں نے اس تھانیدار کا بت پاش پاش کردیا اور رہتی دنیا تک اب وہ اس طرح غرور اور گھمنڈ میں مبتلا نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس مختصر جنگ کے چند گھنٹوں میں اپنی بہادری اور دلیری سے شاہینوں نے وہ تاریخ رقم کی ہے کہ قیامت تک دوست اور دشمن اس کو پڑھتے رہیں گے، 10 گھنٹوں سے کم وقت میں اس دشمن کو شکست دی اور پاکستان کا جھنڈا وہاں تک بلند کیا جہاں آج پوری دنیا احترام سے دیکھ رہی ہے۔
پاکستان کی جانب سے مار گرائے جانے والے بھارتی طیاروں کی تعداد بڑھ گئی
انہوں نے کہا کہ میں اپنے شاہینوں اور قوم کے عقابوں کو دل کی گہرائی سے مبارک پیش کرتا ہوں، پوری قوم یک جان دو قالب ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں ان کی کامیابی کے لیے دعا گو تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ابھی پریزینٹیشن میں بتایا گیا کہ شاہینوں نے 3 رافیل گرائے ہیں اور یہ معرکہ ان نوجوانوں نے سر کیا اور یہ رافیل کو آپ نے جو مارگرایا تو قرآن میں واقعہ آتا ہے کہ ابابیلوں نے ہاتھیوں کو شہ مات دی۔
شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ نے جے ایف 17 اور جو چینی ساختہ جہاز ہیں، اس کے ساتھ آپ نے رافیل کو نشانہ بنایا ہے اس سے قیامت تک مودی اور دنیا یاد رکھے گی۔
اس سے پہلے وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے دورے کے موقع پر معرکہ حق میں بھارتی طیاروں کو تباہ کرنے والے شاہینوں سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف ،ایئر چیف اور نیول چیف کے علاوہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وفاقی وزرا خواجہ آصف،احسن اقبال اور عطاتارڑ ہمراہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے فضائی معرکے میں بھارتی برتری کا خواب چکنا چور کیا اور دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ قوم کو اپنے شاہینوں پر فخر ہے۔
