لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔
جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، فواد چوہدری کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹربیونل نے فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی حقائق کے برعکس مسترد کیے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کے موکل کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔
27 جون کو جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے فخرعباس کاظمی نے اپیلٹ ٹربیونل میں استدعا کی تھی کہ انہوں نے زرعی ٹیکس ادا نہیں کیا اور شناختی کارڈ میں ان کا نام فواد احمد لکھا ہوا ہے اس لیے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں، ٹربیونل نے درخواست منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے۔
فواد چوہدری قومی اسمبلی کی نشست این اے 67 جہلم سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔
