قومی ٹیم کے عبوری کوچ عاقب جاوید نے لیگ اسپنر اسامہ میر کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ اسامہ میر کی فٹنس کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی کو تحفظات تھے، اسی وجہ سے انھیں اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بائیں ہاتھ کے رسٹ اسپنر سفیان مقیم مختلف اینگل سے بولنگ کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ٹیم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مسٹری اسپنر ابرار احمد بھی موجود ہیں۔
اسامہ میر نے شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے آل راؤنڈرز کا ہونا انتہائی ضروری ہے، اگر آپ لیگ اسپنر شامل کرنا چاہتے ہیں تو ایسا ہونا چاہیے جو بیٹنگ میں بھی کردار ادا کرے اور ٹاپ 7 میں جگہ بنا سکے تاکہ ٹیم کا توازن بہتر بنے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں ٹی ٹوئنٹی سے بابراعظم اور محمد رضوان جبکہ ون ڈے سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو ڈراپ کر دیا تھا۔
