جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے موقع پر وکلاء کی ریڈ زون میں داخلے کی کوشش ، پولیس نے سرینا چوک بند کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت میں 26 ویں آئینی ترمیم اور جوڈیشل کمیشن اجلاس کیخلاف وکلاء سراپا احتجاج ہیں، احتجاج میں شریک وکلاء سرینا چوک پہنچ گئے، سپریم کورٹ کے باہر قیدیوں کی وین بھی پہنچا دی گئی ، خواتین پولیس اہلکاروں کی نفری بھی سپریم کورٹ کے باہر موجودہے۔
اسلام آباد، ریڈزون سمیت تمام حساس مقامات کی سکیورٹی سخت
انتظامیہ کی جانب سے سرینا چوک کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا ہے، مظاہرین نے ریڈزون میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے وکلا کو پیچھے دھکیل دیا، سرینا چوک پر وکلا اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی ، ریڈزون میں داخل نہ ہونے کے باعث وکلاء نے سری نگر ہائی وے بلاک کر دی۔
قبل ازیں ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شہر میں لا اینڈ آرڈر کی صورت میں ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بند ہوں گے۔
