لاہور: پیر کی شب سے شروع ہونے والی بارش سے لاہور میں بارش کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے میئر لاہور کرنل (ر) مبشرجاوید نے بتایا کہ لاہور میں اب تک 260 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، رات سے صبح تک 200 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے اب تک جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ رات میں ہونے والی بارش کا پانی صبح تک نکال دیا گیا تھا جبکہ اہم مقامات سے تین سے چار گھنٹے میں پانی نکال دیا جائے گا، بارش رکنے کے بعد چار سے پانچ گھنٹے میں لکشمی چوک صاف ہو جائے گا، لاہور کی انتظامیہ اور واسا کا عملہ 18 گھنٹے سے محترک ہے۔
دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر لاہور لیاقت علی ملک بھی ٹریفک کی روانی کے لیے میدان میں آ گئے اور گورنر ہاؤس چوک میں وارڈنز کے ساتھ مل کر ٹریفک رواں رکھنے میں مصروف رہے۔
کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک نے بتایا کہ ٹریفک رواں رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، کینال روڈ پر اضافی پٹرولنگ افسران تعینات کر دیے گئے ہیں اور وارڈنز کے ساتھ ساتھ سینئر ٹریفک افسران بھی سڑکوں پر موجو د ہیں۔
