لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دور میں نوجوانوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم تھمائے گئے۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ اور مریم نواز پنجاب کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ہندو میرج ایکٹ رولز کی منظوری کے علاوہ گاڑیوں کی 6 ماہ میں رجسٹریشن کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب موٹرسائیکل کی رفتار60 کلومیٹر سے زیادہ نہیں ہو گی۔ اور کمپنیوں کو کہا جائے گا کہ نئی موٹرسائیکل کی رفتار 60 کلومیٹر سے زائد نہ ہو۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نوجوانوں کو پنجاب حکومت کاروبار کے لیے قرضے دے گی۔ گنے اور کپاس کی فصل بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ جبکہ آسان کاروبار کارڈ سے 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرض ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد آپ کو پنجاب کی سڑکوں پر الیکٹرک گاڑیاں نظر آئیں گی۔ اور دو سے تین دن میں 28 الیکٹرک بسیں لاہور پہنچ جائیں گی۔ ہونہار پروگرام کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی نیندیں اڑ چکی ہیں۔ جبکہ ایک جماعت نے نوجوانوں کو انتشار کے لیے استعمال کیا۔ اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ کے بجائے پیٹرول بم تھمائے۔
یہ بھی پڑھیں: صوبائی حکومت کو جو پیسے ملے وہ یہ سارے کھا پی گئے، گورنر خیبر پختونخوا
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کے لیے نئے ڈپوز بنائے جائیں گے۔ اور ایک لاکھ اسٹارٹ اپس کو اس سال شروع کیا جائےگا۔ کاٹن و گنے کی پیداوار کو بھی مانیٹر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اپنی نوعیت کی پنجاب فنانس کاروبار کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔ اور بانی پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کیس کا سامنا کرنے سے کیوں بچ رہے ہیں ؟ انہیں عدالت میں مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو انقلاب کے نام پر بغاوت کی گئی۔ اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملے گی۔ اعجاز چودھری نے کہا تھا کہ ہم نے کچھ نہیں چھوڑا سب کچھ توڑ پھوڑ دیا ہے۔
