ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو اس کے تین وکٹوں کے نقصان پر 492 رنز تھے۔
جو روٹ 176 اور ہیری بروک نے 141 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کا آغاز کیا، جوروٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کر لی۔
جوروٹ ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ رنز بنانیوالے کھلاڑیوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آ گئے
جوروٹ کے بعد ہیری بروک نے بھی ڈبل سنچری بنا لی، کھانے کے وقفے کے بعد جوروٹ نے 262 رنز بنائے تھے کہ سلمان علی آغا نے انہیں ایل بی ڈبلیو آئوٹ کر دیا۔
جیمی اسمتھ نے 31 رنز بنائے اور وہ نسیم شاہ کی گیند پر عامر جمال کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔
ہیری بروک نے شاندار 317 رنز بنائے انہیں صائم ایوب کی گیند پر شان مسعود نے کیچ آئوٹ کیا۔ ہیری بروک نے اپنے کیرئیر کا بہترین اسکور بنایا۔
انگلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 823 رنز بنائے اور پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی انگلینڈ کو پاکستان پر 267 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے تھے۔
ہیری بروک پاکستان میں کھیلے گئے لگاتار 4 ٹیسٹ میچز میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
پاکستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا یہ سب سے بڑا اسکور ہے اور انگلینڈ سے قبل 1958 میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 790 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو عبداللہ شفیق بغیر کوئی رنز بنائے ووکس کا شکار بن گئے۔ پاکستان کا مجموعی اسکور 29 ہوا تو شان مسعود بھی 11 رنز کے انفرادی اسکور پر ہمت ہار بیٹھے۔
صائم ایوب 25 اور بابر اعظم 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، محمد رضوان 10 اور سعود شکیل 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کے گس ایٹنکسن، برائیڈن کرس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف مشکلات کا شکار ہوگئی ہے، چوتھے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 152 رنز بنالئے ہیں۔
