واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی پر فائرنگ میں زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے۔ انہوں نے جیسے ہی شرکا سے خطاب شروع کیا تو اس دوران فائرنگ ہوئی۔
پولیس کے مطابق ریلی پر 6 گولیاں فائر کی گئیں۔ سابق امریکی صدر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے کان پر خون کے نشانات دیکھے گے۔
یہ بھی پڑھیں: یوگنڈا: صدر مملکت کی توہین کرنے پر ٹک ٹاکر کو 6 سال قید کی سزا
سیکیورٹی اہلکار ڈونلڈ ٹرمپ کو حصار میں لے کر روانہ ہو گئے اور سابق صدر کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان دیا کہ وہ خیریت سے ہیں۔
کاؤنٹی پراسیکیوٹر کے مطابق سابق صدر کو ایک گولی لگی تاہم وہ بالکل خیریت سے ہیں۔
ٹرمپ کو جب سیکیورٹی اہلکار اپنے حصار میں لے کر اسٹیج سے روانہ ہونے لگے تو سابق صدر نے حامیوں کی طرف دیکھتے ہوئے فضا میں مکا لہرایا۔
فائرنگ کے واقعے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریلی کے شرکا خوف زدہ ہو کر نیچے بیٹھ گئے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کر دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے شخص کو مار دیا گیا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ رہے۔ اس طرح کے تشددکی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
