کراچی: نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین بہتر رابطے اور بھرپور کاوشوں کے نتیجے میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہترہوئی ہے۔
گورنر ہاؤس کراچی میں امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے کہا کہ شہر میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے مزید کام کرنا ہو گا۔
اجلا س میں آئی جی سندھ اور رینجرز کی جانب سے وزیراعظم کو امن وامان کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی جبکہ چیف سیکرٹری سندھ نے وزیر اعظم کو الیکشن کی تیاریوں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ فضل الرحمن، کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل مرزا شاہد بیگ، وفاقی سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا، چیف سیکرٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلمان خان، آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
نگراں وزیراعظم نے دورہ کراچی کے دوران مزار قائد اعظم پرحاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی، اس سے پہلے نگراں وزیراعظم جب کراچی پہنچے تو ایئرپورٹ پر گورنر سندھ محمد زیبر اور اعلیٰ سول و فوجی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
