اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے میرٹ پر ایمانداری سے پارلیمانی بورڈ کے ساتھ مل کرانتخابی ٹکٹوں کے فیصلے کیے ہیں۔
انہوں نے یہ بات بنی گالہ پر احتجاج کرنے والے پارٹی کارکنان سے خطاب میں کہی۔ عمران خان احتجاجی کارکنان سے ملنے ازخود اپنی رہائش گاہ کے باہر آئے اوران سے بات چیت کی۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ کی جانب سے انتخابی ٹکٹیں نہ ملنے والے پارٹی کارکنان پارٹی چیئرمین کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کررہے تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ آج آپ کے کہنے پر فیصلہ تبدیل کرلوں گا تو کل اور لوگ آجائیں گے۔
انہوں نے انتخابی ٹکٹوں سے محروم رہ جانے والوں سے کہا کہ آپ نظرثانی پٹیشن فائل کریں، اس پر ضرور غور کروں گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شفقت بھری برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ پلے کارڈ اٹھا کرآگئے ہیں، یہاں کوئی جلسہ نہیں ہورہا ہے۔
