اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم پراعتراضات اورشکایات کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل دیے جانے والے نظرثانی بورڈ کو 400 سے زائد شکایات موصول ہوگئی ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر زرقا نے اپنی ہی پارٹی کی انتخابی امیدواروں کے خلاف اعتراضات بھی اٹھادیے ہیں ۔ انتخابی ٹکٹوں سے محروم رہ جانے والے پارٹی کارکنان بنی گالہ کے باہر احتجاج کررہے ہیں۔
ہم نیوز کو ملنے والی معلومات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر زرقا نے پی ٹی آئی کی انتخابی امیدواران ڈاکٹر منزہ حسن اورعالیہ حمزہ کے خلاف اعتراضات پارٹی کو جمع کرادیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر زرقا نے مؤقف اپنایا ہے کہ ڈاکٹرمنزہ حسن نے اپنے کاغذات نامزدگی میں دہری شہریت چھائی ہے۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ منزہ حسن نے اپنے اثاثہ جات بھی چھپائے ہیں۔
درخواست گزار ڈاکٹر زرقا نے کہا ہے کہ ڈاکٹر منزہ حسن دونوں وجوہات کے باعث آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتی ہیں۔
پی ٹی آئی کی انتخابی امیدوارعالیہ حمزہ کے متعلق ڈاکٹر زرقا نے اعتراض کیا ہے کہ وہ بھی اپنے اثاثہ جات چھپانے کی مرتکب ہوئی ہیں۔ عالیہ حمزہ کے متعلق درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ وہ بھی آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے نظرثانی بورڈ کو اب تک ٹکٹوں کی تقسیم پر 400 سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نظرثانی بورڈ کو سب سے زیادہ شکایات صوبہ پنجاب سے موصول ہوئی ہیں۔
ذمہ دارذرائع کے مطابق ملک اشرف سوہنا سمیت انتخابی ٹکٹوں سے محروم امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نظرثانی بورڈ کے سربراہ ارشد داد نے موصول ہونے والی شکایات سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نظرثانی بورڈ کے منعقدہ اجلاس میں ملنے والی شکایات پرغور کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے وہ کارکنان جو انتخابی ٹکٹ سے محروم رہے ہیں وہ بنی گالہ کے باہر احتجاج بھی کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم پر اعتراض کرنے والے کارکنان اپنی شکایات بھیجیں جن کا وہ خود جائزہ لیں گے۔
