راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سپاہی کی حیثیت سے سرحد پرعید منانا میرے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے یہ بات عیدالفطر کی نماز لائن آف کنٹرول پرادا کرنے کے بعد جوانوں سے خطاب میں کہی۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک میں قیام امن اور وطن کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن اورقوم کی حفاظت کا فرض نبھانا ترجیح ہے اور سپاہی کی حیثیت سے گھر سے دور سرحد پر عید منانا باعث فخر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے وطن کے تحفظ کے لیے شہداء کی قربانیوں کو بھی سراہا۔ لائن آف کنٹرول کے دورے کے موقع پر کورکمانڈر راولپنڈی بھی چیف آف آرمی اسٹاف کے ہمراہ تھے۔
