اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 17 ہزار امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال (اسکروٹنی) مکمل کر لی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق جانچ پڑتال کا ڈیٹا متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز کو بھجوا دیا ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ باقی امیدواروں کے کوائف کی جانچ پڑتال جلد مکمل ہو جائے گی، الیکشن کمیشن حکام نے بروقت جانچ پڑتال پر آئی ٹی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
ذرائع کے مطابق اس وقت الیکشن کمیشن کے پاس 21,482 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی موجود ہیں جن کی جانچ پڑتال جاری ہے، الیکشن شیڈول کے مطابق جانچ پڑتال کا عمل 22 جون تک مکمل ہو جائے گا۔
کاغذات نامزدگی کو مسترد کرنے یا قبول کرنے کے خلاف اپیلیں 22 جون تک دائر کی جا سکیں گی اور ان اپیلوں پر 27 جون تک فیصلہ سنایا جائے گا، کاغذات نامزدگی 29 جون تک واپس لیے جا سکتے ہیں جبکہ 30 جون تک امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کر دیے جائیں گے۔
