لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار آج اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔
اسٹون کرشنگ مافیا کی جانب سے مارگلہ ہلز اور کے پی میں درختوں کی کٹائی کے خلاف کیس پر سماعت آج ہوگی ۔ عدالت عظمیٰ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، ایڈووکیٹ جنرل کے پی اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے جواب طلب کررکھا ہے۔
عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل، چیئرمین سی ڈی اے، چیف سیکرٹری کے پی اورڈی پی اوز کوبھی سپریم کورٹ آف پاکستان کی لاہور رجسٹری میں پیش ہونے کی ہدایت کررکھی ہے۔
آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد، آئی جی کے پی اور دونوں صوبوں کے محکمہ ماحولیات بھی اسی ضمن میں آج اپنی رپورٹ جمع کرائیں گے۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی توہین عدالت کی درخواست پر بھی سماعت کریں گے۔
سپریم کورٹ بار نے سپریم کورٹ ایسوسی ایشن بار کمپلیکس اورسپریم کورٹ بار ہاؤسنگ سوسائٹی کی اراضی خرید نے کے لیے فنڈز کے اجرا کی درخواست دائر کررکھی ہے۔
عدالت عظمیٰ نے اسی ضمن میں اٹارنی جنرل، چیئرمین سی ڈی اے، ڈی جی سروے آف پاکستان اور سیکرٹری داخلہ سے بھی جواب طلب کررکھا ہے۔
سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں وکلا کی جعلی ڈگریوں سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج ہوگی۔
اس کیس میں عدالت نے چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل، وائس چیئرمین پنجاب بارکونسل اور وائس چیئرمین سندھ بارکونسل سے بھی جواب طلب کررکھا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں آج پنجاب کے مختلف محکموں میں سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت بھی کریں گے۔
گزشتہ سماعت میں عدالت عظمیٰ نے چیف سیکرٹری پنجاب اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق درخواست کی بھی سماعت ہوگی۔
عدالت عظمیٰ سے اس ضمن میں اقلیتی رہنما پربھو لال اور لیو راڈرک پال نے رجوع کررکھا ہے۔
سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں سی ایس ایس میں کوٹہ سسٹم اور حکومت کی جانب سے پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا کو اشتہارات کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج ہوگی۔
عدالت عظمی نے چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرل، چیف سیکریٹریز، انفارمیشن سیکرٹریزاور پاکستان ایڈورٹائزرز ایسوسی سے جواب طلب کررکھا ہے۔
جلال پور جٹاں میں ایڈز کے مریضوں سے متعلق کیس اور اصغر خان کیس کی سماعت بھی آج ہوگی۔
عدالت نے اصغر خان کیس میں اٹارنی جنرل اور ڈی جی ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کررکھی ہے۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں بنچ زینب کے قتل میں ملوث مجرم عمران کی اپیل پربھی سماعت کرے گا۔
