راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے منگل سے ڈھوک کھبہ این اے 60 اور 62 سے پی ٹی آئی کے امیدوار عدنان چوہدری کے ساتھ انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے گزارش ہے کہ حلف نامے میں نرمی برتی جائے ورنہ ایک تہائی اسمبلی باہر ہو جائے گی، پہلے ہی ملک میں نکاح نامہ آسان اور الیکشن کا حلف نامہ مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف پانچ سال تک جھوٹ بولتے رہے، اب بتائیں کہاں ہے بجلی، کوئی شہر کا حال دیکھے، راولپنڈی کربلا بن گیا ہے، پانی ہے نہ بجلی ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ گرمی کے باعث الیکشن میں کچھ وقت کے لیے تاخیر کی جائے، چیف الیکشن کمشنر انتخابات کے شیڈول پر نظر ثانی کریں ورنہ پولنگ کا تناسب بہت کم ہو گا۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ نگراں حکومت بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے کچھ کرے، کسی کو اندازہ ہی نہیں کہ وہ کتنی پریشانی میں ہیں۔
