بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے عالمی کپ میں گزشتہ روز پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان میچ کی پہلی اننگز کے دوران 42 ویں اوور میں شاہین آفریدی کی بال پر بنگالی بیٹرتسکین احمد بیٹ ہو ئے جبکہ بال وکٹوں کے پیچھے کھڑے وکٹ کیپر محمد رضوان نے پکڑا۔
شاہین آفریدی سمجھے کہ بلے سے گیند لگ کر رضوان نے پکڑی تو یہ آؤٹ ہوگیا لہذا انہوں نے آؤٹ کی اپیل کی لیکن امپائر نے آؤٹ نہیں دیا۔ اس پر شاہین سمیت کپتان بابراعظم نے رضوان سے پوچھا کہ ریویو لینا چاہیے یا نہیں کیونکہ رضوان بیٹر کے بالکل پیچھے کھڑے وکٹ کیپنگ کررہے تھے۔
اب رضوان خود بھی تذبذب کا شکار دکھائی دیے، انہوں نے اسی دوران جلد بازی میں خود بلے باز تسکین احمد سے پوچھ ڈالا کہ ‘گیند پیڈ پر لگی ہے یا بیٹ پر؟’
جواب میں تسکین احمد نے کہہ دیا کہ ‘پیڈ پر لگی ہے’، اس پر رضوان نے شاہین کی طرف متوجہ ہوکر کہا کہ وہ کہہ رہا ہےکہ گیند پیڈ پر لگی ہے۔
رضوان کی اس معصومیت پر کمنٹیٹرز بھی ہنس پڑے جبکہ قومی وکٹ کیپربیٹرکی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔
