انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے ہرا کر عالمی کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا 345 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کی جانب سے ریکارڈ ہدف کے تعاقب کے لیے عبداللہ شفیق اور امام الحق کی جوڑی میدان میں اتری۔ پاکستان کو پہلا نقصان امام الحق کے صورت میں ہوا جب وہ 12 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔
اس موقع پر کپتان بابراعظم کریز پر آئے تاہم ان کا وکٹ پر دورانیہ بہت مختصر ثابت ہوا، وہ لیگ سائڈ پر جاتی گیند کو چھیڑتے ہوئے کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی دو وکٹیں 37 رنز پر گر گئیں۔
ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان بیٹر عبداللہ شفیق اور تجربہ کار محمد رضوان نے دباو میں آنے کے باوجود معیاری بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 176 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
نوجوان عبداللہ شفیق نے شاندار سنچری جڑی اور وہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے سب سے کم عمر بیٹر بن گئے۔
دوسری طرف رضوان نصف سنچری کرنے کے بعد انجری کا شکار ہو گئے تاہم انہوں نے بیٹنگ جاری رکھی اور سعود شکیل کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 95 رنز کی شراکت داری بنائی۔
اس موقع پر محمد رضوان نے شاندار سنچری اسکور کی، سعود 31 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ رضوان کا ساتھ دینے کے لیے افتخار کریز پر آئے اور دونوں بیٹرز نے 48.2 اوور میں میچ ختم کر دیا۔
رضوان نے 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور وہ دو میچوں کے بعد ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
سری لنکا کی اننگز
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل ٹھیک ثابت ہوا۔
پاکستان کے فاسٹ باولر حسن علی نے دوسرے اوور میں ہی پاکستان کو بڑی وکٹ لے کر دی۔ سری لنکا کے اوپننگ بلے باز کسال پریرا 6 رنز بنا کر حسن علی کی گیند کا شکار ہوئے۔
پاکستان بمقابلہ سری لنکا ورلڈکپ میچ، مکی آرتھر قومی ٹیم کا خفیہ ہتھیار قرار
سری لنکا کے اوپننگ بلے باز پاتھم نسانکا نے 59 گیندوں پر شاندار نصف سنچری بنائی۔ شاداب خان نے اپنے دوسرے اوور کی دوسری گیند پر پارٹنر شپ توڑ کر پاتھم نسانکا کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
سری لنکا کی جانب سے کسال پریرا نے 77 گیندوں پر 122 جب کہ سدیرا نے 88 گیندوں پر 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کی طرف سے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، اوپننگ بلے باز فخر زمان کی جگہ عبد اللہ شفیق کو موقع دیا گیا ہے۔
ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو پاکستان نیدرلینڈز کے خلاف اپنا پہلا میچ جیتنے کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ دوسری طرف سری لنکا پہلے میچ میں شکست کے بعد نویں نمبر پر ہے۔
