کوئٹہ: علاؤ الدین مری نے نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہوئی، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے علاؤ الدین مری سے نگراں وزیراعلیٰ کا حلف لیا۔
تقریب میں سابق ارکان اسمبلی اور سیاستدانوں سمیت اعلی فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان سے متعلق حزب اقتدار اور حزب مخالف میں فیصلہ نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس گیا تھا اور الیکشن کمیشن نے مشاورت کے بعد بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے علاؤ الدین مری کے نام کا اعلان کیا تھا۔
علاؤ الدین مری 1980 میں ضلع مستونگ کے علاقے کلی اشکنہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم تعمیر نو اسکول کوئٹہ سے حاصل کی اور یونیورسٹی آف خضدار انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
علاؤ الدین مری نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد ذاتی کاروبارشرو ع کیا جس سے وہ اب تک منسلک ہیں۔
