ملتان: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو منانے میں ناکام ہو گئے ہیں۔
آصف علی زرداری پیپلزپارٹی کے ناراض رہنما حامد سعید کاظمی کو منانے ملتان پہنچے تھے تاہم اُنہیں مایوس لوٹنا پڑا، حامد سعید کاظمی نے آصف علی زرداری کی جانب سے کی گئی پیشکش بھی ٹھکرا دی ہے جس سے پیپلزپارٹی کو جنوبی پنجاب سے بڑا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔
حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 175 رحیم یار خان سے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑیں گے کیونکہ وہ اُن کے لیے موزوں ہے جبکہ آصف علی زرداری مجھے این اے 176 سے انتخاب لڑانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے میرے آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے پر آمادگی ظاہر کی ہے لیکن وہ انتخاب جیتنے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ کس پارٹی میں شامل ہوتے ہیں، حامد سعید کاظمی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما احمد محمود این اے 175 سے خواجہ غلام رسول کو ٹکٹ دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں جس طرح ٹکٹوں کی تقسیم کی جا رہی ہے وہ درست نہیں، مجھے پیپلزپارٹی کا مستقبل ٹھیک نہیں لگ رہا۔
