اسلام آباد: نگراں وزیر داخلہ محمد اعظم خان نے اسلام آباد کے تمام پولنگ اسٹیشنز پرفول پروف سیکیورٹی کی ہدایات جاری کی ہیں۔
چیف کمشنر آفس میں نگراں وزیرداخلہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں چیف کمشنراسلام آباد ڈاکٹر آفتاب درانی کی جانب سے وزیرداخلہ کو الیکشن سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔
چیف کمشنر کے مطابق اسلام آباد میں مردوں کے لئے 356 اور خواتین کے لیے 345 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ 87 پولنگ اسٹیشنز مخلوط ہوں گے۔
اجلاس میں وزیرداخلہ کو آئی جی اسلام آباد کی طرف سے بھی بریفنگ دی گئی اور الیکشن کے لیے کیے گئے سیکورٹی اقدامات سے آگاہ کیا گیا جس پر وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شہر بھرکے تمام پولنگ اسٹیشنز پرمکمل حفاظتی انتظامات کیے جائیں تا کہ کسی قسم کی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
