لاہور: سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی آئندہ عام انتخابات2018 میں بھرپور حصہ لینے کے لیے متحرک ہوگئی ہیں۔ پی ایم ایل(ن) کے ٹکٹ پررکن اسمبلی رہ چکنے والی اداکارہ کنول نعمان نے این اے 131 اورممتاز گلوکار جواد احمد نے این اے 132 کےلیے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔
گلوکاری کے بعد ’برابری پارٹی‘ کے نام سے سیاسی جماعت قائم کرکے میدان سیاست میں قدم رکھنے والے جواد احمد نے بلاول بھٹو زرداری کے مقابلے میں لاڑکانہ سے بھی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کررکھا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق لاہور سے قومی اسمبلی کے 14 حلقوں کے لیے اب تک 439 امیدواروں اورصوبائی اسمبلی کی 30 نشستوں کےلیے 650 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں مخصوص نشستوں پر حصہ لینے کے 765 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں۔
لاہور میں 44 ریٹرننگ افسران خدمات سر انجام دے رہے ہیں، تمام ریٹرننگ افسران ڈسٹرکٹ سیشن ججزاورسول ججز ہیں۔
مسلم لیگ نواز کے روحیل اصغر نے این اے 128 سے الیکشن لڑنے کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک لاہور کے نو شہریوں کی جانب سے اعتراضات فائل کیے جا چکے ہیں۔
عام انتخابات 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کرانے کا کا آج چوتھا روز ہے اور یہ سلسلہ آٹھ جون تک جاری رہے گا۔
انتخابات کے لیے کاغذات صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے تک جمع کرائے اور حاصل کیےجا سکتے ہیں۔
