راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائرکٹرجنرل میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا نوجوانوں کے لئے سب سے خطرناک ہے، اس کے استعمال میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سوشل میڈیا کے استعمال اور اس کے اثرات پر ہمیں نظر ڈالنے کی ضرورت ہے، ہمارے پاس صلاحیت موجود ہے اور ہم دیکھ سکتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر کون کیا کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوری سے لے کر مئی تک سوشل میڈیا پر دس ہزار سے زیادہ ایسے اکاؤنٹس کا اضافہ ہوا ہے جو ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف بات کرتے ہیں، جہاں ریاستی مفاد کے خلاف بات ہوتی ہے وہاں ہم متعلقہ اداروں سے بات کرتے ہیں اور اس کے خلاف کارروائی بھی کرتے ہیں۔ لیکن بہت سی سیاسی شخصیات ایسی ہیں جو اپنے ذاتی اکاؤنٹس سے ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف کی گئی ٹوئٹس کو ری ٹوئٹ کرتی ہیں اور اس کی حوصلہ افزائی بھی کرتی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمیں متحد رہ کر ان ہزاروں اکاؤنٹس کے خلاف کام کرنا ہے جو لاکھوں ٹویٹس کر رہے ہیں، سوشل میڈیا ابھی خطرہ نہیں بنا لیکن اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بہت سے لوگوں نے ایسے اکاؤنٹس بنائے ہوئے ہیں جو فوج کا ترجمان ہونے کا تاثر دیتے تھے، ان میں سے جو خود کو صرف ریاست اوراس کے اداروں کے حق میں بات کرنے تک محدود تھے انہیں نہیں چھیڑا گیا لیکن جو سیاسی بیانات دیتے تھے اور یہ تاثر جاتا تھا جیسے یہ بیان فوج کی جانب سے آیا ہو، ہم نے ان اکاؤنٹس کو ایف آئی اے کو رپورٹ کیا۔
