اسلام آباد: پاکستان میں 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگیوں کی وصولی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جس کے بعد آئندہ الیکشن میں ممکنہ تاخیر کی افواہیں بھی دم توڑ گئی ہیں۔
گزشتہ ہفتہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے انتخابی کمیشن کو نئے نامزدگی فارم جاری اور وصول کرنے سے روکتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اثاثوں سمیت دیگر نکالی گئی شقیں شامل کر کے نامزدگی فارم نئے سرے سے ترتیب دیے جائیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ نامزدگی فارم کے اجراء اور وصولیوں کا مرحلہ شروع کر دیا جائے۔
ہم نیوز کے مطابق پیر کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبائی دارالحکومتوں اور دیگر انتخابی مراکز سے امیدواروں نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے نامزدگی فارم حاصل کیے ہیں۔
25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے دو سے چھ جون کے دوران کاغذات نامزدگی جاری اور وصول کیے جائیں گے جب کہ امیدواروں کی جانچ پڑتال کا عمل 14 جون کو مکمل کیا جائے گا۔
