لاہور: سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
انہوں نے لاہورمیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ پران سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
ذوالفقار کھوسہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مسلم لیگ ن کو اس وقت نہیں چھوڑا جب وہ پستی میں تھے بلکہ اس وقت ان سے جدا ہوا جب وہ عروج پر تھے۔
اس موقع پرعمران خان نے کہا کہ تاریخ کا اہم ترین انتخاب ہونے جا رہا ہے اس لئے نیوٹرل ایمپائرکا ہونا ضروری ہے، دنیا میں کہیں بھی نگران سیٹ اپ نہیں آتا، کیوںکہ ان کا الیکشن کمیشن اتنا مضبوط ہوتا ہے کہ انہیں نگران سسٹم کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔
انہوں نے خواجہ آصف کے حق میں سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ جب ایک ملک کا وزیر خارجہ کسی دوسرے ملک کی کمپنی کے اقامے پر خود کو اس کا ملازم ظاہر کرتا ہے تو وہ کسی بھی وقت اس کمپنی کو فائدہ پہنچا سکتا ہے، ایسا کسی اورملک میں نہیں ہوتا۔
سابق گورنر پنجاب کے صاحبزادے سیف الدین کھوسہ نے اس موقع پرکہا کہ کھوسہ فیملی آج تحریک انصاف میں شامل ہوگئی ہے۔
گزشتہ انتخابات میں مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب کی زیادہ تر نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی تشکیل اور پھر اس کے تحریک انصاف میں ضم ہونے کے بعد اس علاقے میں پاکستان تحریک انصاف کی پوزیشن بہت مضبوط ہو گئی ہے۔
اس صورتحال یہ ہے کہ جنوبی پنجاب میں ن لیگ کے لیے امیدواروں کی تلاش مشکل ہوگئی ہے کیونکہ الیکشن سے قبل یہاں سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی و قومی اسمبلی پارٹی چھوڑ کرجا چکے ہیں جس کی وجہ سے ن لیگ کے ڈویژنل بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں اس علاقے سے صوبائی اراکین اسمبلی کو ہی قومی اسمبلی کی نشستوں پر موقع دیا جائے گا۔
