اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت آج ہونے والے کابینہ کے الوداعی اجلاس کے لیے بھی بھاری بھرکم ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔
کابینہ کا الوداعی اجلاس جمعرات کی شب نو بجے طلب کیا گیا ہے جس میں وزیر اعظم اپنی کابینہ کا شکریہ ادا کریں گے اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
کابینہ کا الوداعی اجلاس وزیر اعظم کی آخری مصروفیت ہو گی جس میں کئی اداروں کے سربراہان تعینات کرنے کی منظوری دی جائے گی۔
ہم نیوز کو دستیاب ایجنڈہ کے مطابق آج کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔
شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت کابینہ کے الوداعی اجلاس میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین اور سی ڈی اے کے ممبر انجینیئرنگ کی تعیناتی کی جائے گی۔
کابینہ کے اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور ایس ای سی پی کے آڈیٹرز تعینات کرنے کی منظوری بھی دی جائے گی۔
پبلک پرائویٹ پارٹنرنزشپ اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری، قومی اسمبلی کےسابقہ اسپیکر،چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کو اضافی مراعات دینے کی منظوری بھی الوداعی اجلاس میں دی جائے گی۔
مخصوص سرکاری ملازمین اور تمام وفاقی ملازمین کو اعزازیہ دینے کا حتمی فیصلہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
