اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ جب تک عارف علوی اپنے عہدے پر موجود ہیں مذاکرات کی امید ہے، ہم حکومت کے ساتھ بات چیت کیلئے بالکل تیار ہیں۔
ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں 52 فیصد اضافہ ہوا، عمران خان
ہم نیوز کے پروگرام ’ پاکستان ٹونائٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کب ہوں گے؟ کسی کیلئے بھی حتمی طور پر بتانا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کے ذریعے سیاسی انتشار پیدا کیا گیا، سیاسی انتشار کی وجہ سے ملک میں معاشی عدم استحکام پیدا ہوا اور پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی مہنگائی ہوئی۔
اسد عمر نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے، موجودہ مسائل کے حل کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے اور سیاسی استحکام کیلئے فوری انتخابات کرائے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بند کمروں میں بیٹھ کر پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جاتا ہے، 70 سال سے جس فارمولے سے ملک کو چلانے کی کوشش کی گئی وہ ناکام ہوگیا، اب پاکستان میں قبولیت کی بجائے مقبولیت کو دیکھنے کی ضرورت ہے، پاکستا ن کی تاریخ میں پہلی بار قوم اکٹھی ہوئی ہے۔
اسد عمر نے واضح طور پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حالات اور مشکل ہونے والے ہیں، مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے والا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا تو اگست تک مذاکرات کیا کرتے رہے؟اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف کی ویڈیو کے ذریعے ملاقات دوبارہ سے ناکامی کا شکارکیوں ہوئی؟
عارف علوی مذاکرات سے مایوس ہو چکے، حکومت کی نیت صاف نہیں، شاہ محمود قریشی
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے دعویٰ کیا کہ ہمارے دور میں بڑی صنعتیں 12 فیصد کی تعداد سے بڑھ رہی تھیں، کوویڈ کی وجہ سے دنیا میں مہنگائی کی لہر آئی ہوئی تھی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ استعفوں پر اسپیکر قومی اسمبلی جو کہہ رہے ہیں اس کا قانون سے کوئی تعلق نہیں، کسی سے انفرادی ملاقات کئے بغیراسپیکر نے دو ماہ پہلے 10 ممبران کو ڈی نوٹیفائی کیا، اگر ہمارے 70 بندے اسمبلی جائیں گے تو سب کے استعفے منظور کرنا ہوں گے، اسپیکر قومی اسمبلی پہلے بھی جانبدار فیصلے کر چکے ہیں۔
اسد عمرنے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کو ایک بار پھر ملتوی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ لوگ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، ان کی مقبولیت زمین بوس ہو گئی ہے، عمران خان ملکی تاریخ کے کامیاب ترین لیڈر بن چکے ہیں، ساری دنیا ہم سے آگے نکل گئی ہے، ہم وہیں کھڑے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی نے اپنا آئینی کردار احسن طریقے سے ادا کیا، صدر مملکت کی کوششیں قابل تحسین ہیں لیکن ابھی تک کامیابی حاصل نہیں کی جا سکی ہے، جب بھی حکومت کے ساتھ بیٹھیں گے ملک کی بہتری کا سوچ کر بیٹھیں گے، اگر حکومت الیکشن کی تاریخ دیتی ہے تو پھر ہم بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن اسلئے نہیں کروا رہے کہ انہیں اپنی ہار نظرآرہی ہے، الیکشن میں ان کو اپنی سیاسی موت نظر آرہی ہے، انہوں نے پوری کوشش کی ہے کہ عمران خان کو راستے سے ہٹا دیں لیکن انہیں ابھی تک عمران خان کی کوئی ایسی چیز نہیں ملی کہ یہ انہیں ہٹا سکیں۔
عمران خان کیسز میں نئے ثبوت سامنے آنے کا دعویٰ
پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ حکومت کا سارا فوکس گھڑی پر ہے، عمران خان کی کوئی بڑی کیا چھوٹی کرپشن بھی انہیں نہیں ملی ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کا فیصلہ ایک ساتھ ہو گا۔
