لاہور :پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) کے نئے چیئرمین ائیرمارشل(ر) عاصم سلیمان کی تعیناتی کولاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
مقامی شہری نبیل جاوید نےلاہور ہائی کورٹ میں دائردرخواست میں وفاقی حکومت اورڈی جی سول ایوی ایشن کو فریق بنایا ہے۔ دائردرخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عاصم سلیمان کی تعیناتی قانون کے برعکس ہے۔ درخواست میں لکھا گیا ہے کہ تعیناتی سے پہلے اخبار میں اشتہار نہیں دیا گیا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی بھی سرکاری ادارے میں بھرتی پر پابندی عائد کر چکا ہے لہذا عدالت چیئرمین پی آئی اے کی تعنیاتی کالعدم قراردے۔
ایئرمارشل (ر) عاصم سلیمان اس سے قبل ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی رہ چکے ہیں ۔ کمپنی ایکٹ 2017 کے تحت چیئرمین پی آئی اے سے ایگزیکیٹو اختیارات واپس لیے جاچکے ہیں۔
جنرل منیجرآرگنائزیشنل ڈیویلپمنٹ پی آئی اے طارق ایچ خان نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں چیئرمین کے تمام دفاتراورسیکریٹریٹ ختم کر دیے ہیں۔
چیئرمین پی آئی اے بورڈ میٹنگ کےدوران صرف کراچی سب آفس استعمال کر سکیں گے۔
