پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو جانے سے پہلے یہی کہا تھا آپ نے جیتنے کا خواب دیکھنا ہے اور ورلڈکپ لے کرآنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بطور بیٹر آسٹریلیا میں تکنیک کا امتحان ہوتا ہے، کیونکہ آسٹریلوی پچز پر گیند پڑ کر تیزی سے نکلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیٹر کے پاس شاٹس کھیلنے کا ٹائم ہوتا ہے مگر وہاں وقت نہیں ملتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس فتح کے لیے ٹیم ہے، پرفارمنسز اوپر نیچے ہوں گی کسی دن دوسری ٹیم بھی اچھا کھیل سکتی ہے یا بادلوں کا بھی کردار ہوسکتا ہے لیکن فینز ٹیم کو بیک کریں یہ ایک بہترین ٹیم میدان میں اتاری گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں صلاحیت ہے، بولنگ اٹیک شاندار ہے، شاہین آفریدی کے آنے سے بڑا فرق پڑتا ہے اور ڈریسنگ روم جاگ جاتا ہے۔ شاہین کے آنے سے ٹیم تازہ دم ہو جاتی ہے۔
