اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے گلگت بلتستان آرڈر (جی بی آرڈر) پربھارتی احتجاج مسترد کردیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کے مطابق پاکستانی حکام کی جانب سے نہ صرف بھارت کے ہر قسم کے احتجاج کو مسترد کردیا گیا ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی دعویٰ بھی قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس دعوے کی کوئی اہمیت نہیں، ماضی کے حقائق اور موجودہ حالات نئی دہلی کے نام نہاد دعوے کے منافی ہیں جنھیں کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ دراصل جموں و کشمیر کی تمام ریاست متنازعہ خطہ ہے اور بھارت کو بھی اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان نے اپنے شمالی علاقے گلگت بلستان میں 2009 سے نافذ جی بی ایمپاورمنٹ اینڈ سیلف گورننس آرڈر منسوخ کرکے گلگت بلتستان آرڈر 2018 کی منظوری دی تھی جس پر بھارت نے اتوار کو پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان خطے کی حیثیت تبدیل کررہا ہے۔
