پشاور: خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی کے نام پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا سبب منظور آفریدی کے نام پر تحریک انصاف کے اندرونی اختلاف کو قرار دیا گیا ہے۔
ہم نیوز کو تحریک انصاف ذرائع سے ملنے والی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ منظور آفریدی ارب پتی تو ہیں لیکن سیاسی و انتظامی تجربہ نہیں رکھتے۔
پیر کے روز سامنے آنے والی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف سربراہ عمران خان نے نگران وزیراعلی کے لیے منظور آفریدی کا نام مسترد کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر اور وزیراعلی خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے تصدیق کی ہے کہ منظور آفریدی کا نام بطور نگراں وزیراعلی واپس لے لیا گیا ہے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ منظور آفریدی کی نامزدگی کے لیے پرویز خٹک نے صرف عمران خان سے مشورہ کیا تھا۔
منظور آفریدی کی جے یو آئی سے قریبی روابط پر بھی پارٹی میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ نگراں وزیراعلی کے طور پر پی ٹی آئی سینیٹر ایوب آفریدی کے بھائی کا نام بھی خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمن نے ہی پیش کیا تھا۔
خیبر پختون خوا اسمبلی کا آج آخری روز اور آخری اجلاس ہو رہا ہے۔ پیر کے روز نوٹی فیکیشن بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کے پی اسمبلی آج رات 12 بجےتحلیل ہوجائے گی۔
