اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر اپوزیشن اورحکومت کے درمیان ابھی تک اتفاق رائے نہیں ہو سکا، اپوزیشن سے کہا ہے کہ آپ نام دے دیں ہم ہاں یا نہ میں جواب دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے فاٹا اصلاحات پر دیگر سیاسی جماعتوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فاٹا اصلاحات بل کیلئے آئین کی شق 246 میں ترمیم کی گئی ہے، امید ہے چار روزمیں خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایکٹ پاس کر دیا جائے گا، فاٹا خیبرپختونخوا کا حصہ بنے گا تو این ایف سی ایوارڈ کے مطابق حصہ ملے گا، رواں سال فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کے لیے قومی اسمبلی کی 12 نشستیں برقرار رکھی گئی ہیں، مردم شماری کے مطابق قومی اسمبلی میں فاٹا کی 6 نشستیں بنتی ہیں، فاٹا میں ایف سی آرکو ختم کریں گے، اسمبلیوں کے ایکٹ پاس کرنے سے فاٹا کا انضمام جلد ہو جائے گا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کا فیصلہ عوام کریں گے، ہم نےکسی پراحسان نہیں کیا اپنا فرض پورا کیا، فاٹا اصلاحات پرکوئی بیرونی دباؤ نہیں ہے۔
