اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ( کے پی ) پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ہمارے فائیو اسٹار اسپتال دیکھ کر لوگ حیران ہوں گے، چیلنج کرتا ہوں مجھ سے کام پر مناظرہ کرلیں۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی 100 روزہ ایجنڈا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ تجربہ سب سے اہم ہے، 2013 میں ہماری حکومت کا اداروں کو تبدیل کرنے کا بہت بڑا ایجنڈا تھا لیکن تین ماہ تو مجھے ایک ایک محکمے کو سمجھانے میں لگ گئے، اب ہماری رپورٹس دیکھ لی جائیں تو علم ہو گا کہ ہمارے تمام ادارے آگے نکل چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ غریب کے بچے کا کوئی نہیں سوچتا، ان سیاستدانوں کو کیا فکر کہ غریب کا بچہ نیچے بیٹھتا ہے، میں مخالفین سے پوچھتا ہوں کہ تم نے اپنے دور حکومت میں کیا کیا ہے ؟
انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں پولیس کو سیاست سے آزاد کیا ہے، میں نے اسمبلی میں کوئی قانون بلڈوز نہیں کیا بلکہ تمام اصلاحات اور قانون سازی مشاورت سے کی گئی ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان کمال کے لیڈر ہیں، ہم نے صوبے میں جو بھی کیا وہ عمران خان کے مشورے سے کیا ہے۔
