اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے نام پر خرید وفروخت جاری ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ روس انتہائی کامیاب رہا جبکہ بھارت کو وزیر اعظم کا دورہ روس ایک آنکھ نہیں بھاتا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے نام پر خرید وفروخت جاری ہے اور سیاست میں خرید وفروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گا۔ نواز شریف نے خرید وفروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی قانون ہاتھ میں نہ لے تو کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی جبکہ ایک سال ہی رہ گیا ہے انتخابات کی تیاری کرنی چاہیے اور اب سارے مفاد پرست اکٹھے ہو رہے ہیں۔ خرید وفروخت کرنے والے سن لیں عمران خان ترپ کا پتہ کھیلے گا۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد عمران خان ان کے لیے اور زیادہ چیلنج ثابت ہو گا۔ آپ ہر اس گھر میں خیرات مانگنے جا رہے ہیں جو آپ کے دل میں کھٹکتا ہے لیکن بکنے والے کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حالات درست نہ کیےتو سیاستدانوں کی سیاست ختم ہوجائے گی،چوہدری شجاعت
وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں کوئی جان نہیں ہے اور یہ عدم اعتماد نہیں بلکہ اپنی سیاسی قبر کھودنے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں ایک جمہوری اور مضبوط حکومت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پتہ ہے کس وقت کیا فیصلہ کرنا ہے اور عمران خان ایسا ڈرون مارے گا کہ حزب اختلاف سیاسی طور پر نیست و نابود ہو جائے گی۔ آصف زرداری اور نواز شریف چلے ہوئے کارتوس ہیں جبکہ ادارے غیر جانبدار اور جمہوری حکومت کے ساتھ ہیں۔
جہانگیر ترین سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میری جہانگیر ترین کے ساتھ کوئی دوستی نہیں ہے لیکن میری رائے میں عمران خان کو جہانگیر ترین سے بات چیت کرنی چاہیے اور میں نے یہ عمران خان کو کہا ہے کہ اس کو درست سمجھتا ہوں۔ میری جہانگیر ترین سے کبھی بات چیت ہوئی اور نہ 6،7 سالوں سے ملا ہوں۔
