سڈنی: آسٹریلیا کا ایک اور کرکٹر دورہ پاکستان سے باہر ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا نے 24 برس بعد دورہ پاکستان کا اعلان تو کر دیا لیکن دورہ پاکستان سے قبل ہی دو کھلاڑیوں کے باہر ہونے سے آسٹریلین کرکٹ ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی۔
آسٹریلیوی جارح مزاج بیٹر گلین میکسویل کے بعد فاسٹ باؤلر مائیکل نیسر بھی انجری کے باعث دورہ پاکستان سے باہر ہو گئے ہیں جو دورہ پاکستان کی 18 رکنی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے۔
کوئنز لینڈ کے کوچ ویڈ سیکومب نے تصدیق کی کہ بلز مارش کپ میں نیو ساؤتھ ویلز کے درمیان ہونے والے میچ میں نیسر کو سائیڈ اسٹرین کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مائیکل نیسر کی جگہ کوئنز لینڈ کے فاسٹ باؤلر مارک اسٹیکٹی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل گذشتہ روز آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر گلین میکسویل اپنی شادی کی وجہ سے دورہ پاکستان اور بھارتی لیگ سے دستبردار ہوئے جبکہ دو روز قبل سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں باؤنڈری پر کیچ لینے کی کوشش میں اسٹیو اسمتھ کنکشن کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث ان کا دورہ پاکستان خدشات کا شکار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئر لینڈ سے ہارنے والی نیپالی ٹیم کے وکٹ کیپر نے دل جیت لیے
یاد رہے کہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم 24 برس بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جبکہ ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی دورے میں شیڈول ہے۔
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 12 تا 16 مارچ کراچی میں ہوگا اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ 21 مارچ تا 25 مارچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29 مارچ، دوسرا 31 مارچ اور تیسرا 2 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کے تمام میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے دوران ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے بعد ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی ہو گا جو 5 اپریل کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔
