منامہ: بحرین میں غیر قانونی طریقے سے اپنی تنخواہ میں 3 بار اضافہ کرنے والے ملزم کو 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بحرین میں پے رول ڈپارٹمنٹ میں کام والے سابق سرکاری ملازم نے عہدے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنی تنخواہ میں غیرقانونی طور پر اضافہ کیا جس پر عدالت نے ملزم کو قید کے علاوہ 15 ہزار دینار جرمانے کی بھی سزا سنائی۔
ملزم ایک سرکاری تربیتی ادارے میں 2008 میں ایک ہزار 950 دینار ماہانہ تنخواہ پر ملازم ہوا تھا تاہم اس نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے الیکٹرانک رجسٹریشن معاہدے میں ابتدائی ماہانہ تنخواہ 2 ہزار ایک سو دینار اور سال بعد 2 ہزار 774 دینار کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: نیو ائیر پرمندر میں بھگڈر سے 12 افراد ہلاک
ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ملزم نے پے رول سسٹم کو استعمال کرتے ہوئے اپنی تنخواہ میں دوبارہ اضافہ کیا اور اپنی تنخواہ 3 ہزار 300 دینار ماہانہ کر دی تھی۔
تنخواہ میں بار بار اضافے کے بعد ملزم زیادہ سے زیادہ پنشن کا حق دار بن گیا اور 15 ہزار دینار تک فائدہ حاصل کیا۔
