پاکستان کے فاسٹ بالرحسن علی انگلینڈ کےخلاف پہلےٹی20 انٹرنیشنل سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ حسن علی بائیں ٹانگ میں کھچاؤ کے باعث پہلے میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔ فاسٹ بالر حسن علی کو آج کے میچ میں آرام تجویزکیا گیا ہے۔
میڈیکل پینل دوسرےٹی20 میچ سے قبل حسن علی کا دوبارہ جائزہ لےگا۔ دوسرے میچ میں شرکت کا فیصلہ میڈیکل پینل کےگرین سگنل سےمشروط ہے۔
ون ڈے سیریز میں تین۔ صفر سے شکست کے بعد قومی ٹیم کا اگلا امتحان انگلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 10 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ناٹنگھم میں پہلا میچ کھیلیں گی۔
مختصر ترین فارمیٹ میں گرین شرٹس نئے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی، سنیئر بیٹسمین محمد حفیظ نے بھی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلینڈ کی فل اسٹرینتھ ٹیم میدان میں اترے گی۔ کپتان مورگن سمیت 9 اہم کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا مقابلہ ہیڈنگلے لیڈز میں 18 جولائی کو ہوگا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا اور اس سیریز آخری ٹی20 میچ اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں 20 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
