وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی ترجیجات کو علاقائی سیاست سے علاقائی اقتصادیات میں بدلا ہے ۔
عالمی سیاسی جماعتوں کے سربراہ اجلاس سے ورچول خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی امن، ترقی اور بین الاقوامی نظام برقرار رکھنے کیلئے چین کی کاوشوں کی حمایت کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے عالمی ترقی پر مثبت اثر پڑا ہے ۔ سیاسی جماعتیں عوام کی بے لوث خدمت سے ہی عوامی حمایت حاصل کر سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی نے نوآبادیاتی نظام میں جکڑی اقوام کو آزادی کی جدوجہد کا حوصلہ دیا ۔
ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں ہر ملک کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں، چینی صدر
وزیراعظم عمران خان سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں ہر ملک کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو عالمی وبا، ماحولیاتی تبدیلیوں اور تنازعات سے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر انسانوں کا مستقبل سنوارنے کے حوالے سے بھاری ذمہ داریاں ہیں، ہمیں ترقی کے عمل میں ترقی پذیر ممالک کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔
شی جن پنگ نے کہا کہ انصاف، برابری اور مشترکہ ترقی کے نظام پر یقین رکھتے ہیں، دوسرے ممالک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو ناکامی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی تعاوَن بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چائنہ کمیونسٹ عوامی فلاح و بہبود اور برابری کے ایجنڈے کو لے کر آگے بڑھتی ہے۔
