وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گوادر کے منصوبوں سے بلوچستان سمیت پورے ملک میں فائدہ ہو گا،
وزیراعظم نے گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور مفاہمتی یادداشتوں کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے جس کی وجہ سے یہ یگر صوبوں سے بہت پیچھے رہ گیا۔
انہوں نے کہا کہ چین سمیت تمام غیرملکی سرمایہ کاروں کو گوادر سہولیات دیں گے، ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، گوادر پاکستان کا فوکل پوائنٹ بنے گا، پاکستان عظیم ملک بننے جا رہا ہے۔
افغانستان سے متعلق عمران خان نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک کی کوشش ہے افغانستان میں امن ہو۔ ایرانی صدر سے افغانستان کے مسئلے پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ طالبان سے سیاسی سیٹلمنٹ کیلئے بات کریں گے، ازبکستان کے دورے پر بھی جاؤں گا، افغان مسئلے کا سیاسی حل ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتشار اور بدامنی ہوئی تو افغانستان کے ساتھ ہمسایہ ممالک متاثر ہوں گے، مہاجرین کا مسئلہ آئے گا، وسطی ایشیا کے ساتھ تجارتی راستے بھی بند ہو جائیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کا
افتتاح اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے اور نارتھ فری زون اور چار مختلف صنعتی یونٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔
تقریب میں بارہ لاکھ گیلن روزانہ پانی کو صاف کرنے والے پلانٹ کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔
