لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حزب اختلاف میں حکومت کو للکارنے کا دم خم نہیں ہے۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کے بیانیے میں سچائی نہیں کہ توجہ حاصل کرسکیں۔ زبان دراز کنیزیں دیہاڑی پکی کرنے کے لیے جھوٹا پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ چوروں سے سرکاری زمینوں کو واگزار کرانے میں مصروف عمل ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عثمان بزدار شعبدہ بازی کے بجائے عوامی خدمت میں مصروف ہیں کیونکہ یہ سال وعدوں کی تکمیل کا سال ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کی گاڑی اور اثاثوں سے متعلق منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور جس گاڑی کا ذکر ہو رہا ہے وہ عثمان بزدار کو والد سے وراثت میں ملی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ برآمدات ہوئیں، فرخ حبیب
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اثاثے ایف بی آر میں ڈیکلیئر ہیں۔ عثمان بزدار کنیز دوم کے اعصاب پر سوار ہیں۔ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت ان کو جھوٹا ہونے کا سرٹیفکیٹ عطا کر چکی ہے۔
