پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا کی موجوہ صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر دیا۔
کراچی میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے دیگر رہنماوَں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہرخطرناک ہے اور کیسز میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا اب بھی کہتے ہیں ایس اوپیز پرسختی سےعمل کرنا ہو گا۔
ڈاکٹر قیصر سجاد نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر احتیاط نہیں کریں گے تو اللہ نہ کرے ہمارا بھی بھارت جیسا حال ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے آخری عشرے میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بیماری میں سب سے زیادہ ضرورت آکسیجن کی ہوتی ہے اس وقت بھارت کو اس کی کمی کا سامنا ہے، ہم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کو ڈاکٹرز سمیت کسی بھی چیز کی ضرورت ہے تو پی ایم اے حکومت پاکستان کے ذریعے ان کو مہیا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پریشان ہیں کہ آئندہ آنے والوں دنوں میں ہمیں مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کہ رہی ہے کہ آکسیجن کا 90 فیصد استعمال ہو رہا ہے جو کہ بہت پریشان کن امر ہے۔ حکومت کو چاہیے آکسیجن کی دستیابی کو ممکن بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے سے روکا جائے، تمام ٹرانسپورٹیشن کو کچھ عرصے کے لیے بند کر دیا جائے۔
