گلگت بلتستان حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے آنے اور جانے والی بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتے میں دو دن کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔
محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹرانسپورٹ پر پابندی 25 اپریل تک ہفتہ اور اتوار کے روز ہوگی۔
سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان کے مطابق گلگت بلتستان کیلئے فضائی سروس سخت ایس اوپیز کے تحت جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن (این سی او سی ) نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر ملک میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتہ، اتوار کیلئے پابندی لگا دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: ایک سے دوسرے شہر پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتہ اور اتوار کو بند رہے گی۔ یہ پابندی 10 تا 25 اپریل تک عائد رہے گی جب کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پیر سے جمعہ تک چلتی رہے گی۔
این سی او سی کے فیصلے کے مطابق پورے ملک میں ریلوے 75 فیصد مسافروں کے ساتھ پورا ہفتہ چلے گی۔
خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر 2 ہفتوں کیلئے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز دی تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے 2 ہفتوں کیلئے صوبوں کے درمیان ٹرانسپورٹ بند کی جائے، ٹرانسپورٹ بند ہونے سے لوگوں کی آمد و رفت رک جائے گی۔
