اوٹاوا: کینیڈا میں کتے نے مالکن کی جان بچانے کے لیے ٹریفک رکوا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اونٹاریو کی رہائشی ہیلے مور اپنے ڈیڑھ سالہ کتے کلوور کے ساتھ چہل قدمی کر رہی تھیں کہ اچانک ایک دماغی بیماری سیژر کے حملے کے باعث گر گئیں۔
ہیلے مور کا کہنا تھا کہ مجھے صرف اتنا یاد ہے کہ چکر آیا اور اس کے بعد جب آنکھ کھلی تو میں ایمبولینس میں تھی تاہم اس دوران جو کچھ ہوا وہ سب قریب لگے ایک سی سی ٹی کیمرے نے محفوظ کر لیا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مُور سفید رنگ کے کتے کے ساتھ جا رہی ہیں، ٹریفک بہت کم ہے اور اردگرد برف نظر آ رہی ہے۔
پولیس کے مطابق اچانک ہی مُور گر جاتی ہیں اور کتا پہلے تو انہیں ہلانے جُلانے کی کوشش کرتا ہے پھر ادھر اُدھر بھاگتا ہے اور بعد ازاں سڑک کے درمیان کھڑا ہو جاتا ہے اسی وقت ایک پک اپ وین تیزی سے آتی ہے تاہم وہ آگے سے نہیں ہٹتا اور ڈرائیور گاڑی روک دیتا ہے۔
کتا بھونک کر مالکن کی طرف اشارہ کرتا ہے اور گاڑی سے اترنے والا شخص مُور کے قریب چلا جاتا ہے۔ گاڑی کے ڈرائیور ڈرائڈن اوٹاوا کہتے ہیں کہ یہ بہت متاثر کن تھا، کتے نے درحقیقت میرا راستہ روک لیا تھا۔
کتے نے اسی وقت وہاں سے گزرنے والی ایک اور ڈرائیور ڈینیئلے پائلن کو بھی مدد کے لیے روکا۔ پائلن کہتی ہیں کہ آپ کہہ سکتے ہیں جب ہم مُور کے پاس موجود تھے تب بھی کتا اپنی مالکن کو چھوڑ جانے کے لیے تیار نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دلہن جو اپنی رخصتی پر سب سے زیادہ خوش دکھائی دی
مُور کے والدین کہتے ہیں کہ کلوور نے قریبی واقع میں موجود افراد کو بھی مدد کے لیے پکارا تھا، پڑوسیوں نے کلوور کے بھونکنے کی آواز سنی اور اس کے ساتھ وہاں پہنچے جہاں مُور ایمبولینس کے انتظار میں تھیں۔
مُور بے ہوش ہو کر گری تھیں تاہم زخمی نہیں ہوئیں اور بروقت اسپتال پہنچائے جانے کے باعث ان کی جان بچ گئی۔ مُور کہتی ہیں کہ اگر پھر کبھی ایسا ہوا تو میں کو 10 گنا زیادہ محفوظ تصور کروں گی کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ وہ میرے ساتھ ہے۔
