اسلام آباد: یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں سول اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں گرانقدر خدمات انجام دینے والی شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا۔
صدرمملکت نے صدر ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی کو ستارہ امتیاز سے نوازا۔ معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
سید فاروق قیصر کو فن اور پتلی تماشہ کے شعبے میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا جبکہ صادقین نقوی مرحوم کو فن مصوری میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ پروفیسر سید شاکرعلی کو فن مصوری میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت نے سلطانہ صدیقی کو ستارہ امتیاز سے نوازا
صدر مملکت نے صوفیانہ موسیقی کی دنیا میں منفرد مقام رکھنے والی عابدہ پروین کو فن گلوکاری میں نشان امتیاز سے نوازا۔
ادیب، شاعر اور دانشور ڈاکٹر جمیل خان جالبی مرحوم کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ نامور شاعر احمد فراز مرحوم کو ادب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
صدر مملکت نے ڈاکٹر آصف محمود جاہ کو خدمات عامہ میں ہلال امتیاز سے نوازا۔ ملک سردار خان اور ملک حیات اللہ شہید کو ستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔ کورونا وبا کے دوران رحلت کرنے والے ڈاکٹراسامہ ریاض شہید کو ستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔
صدر مملکت نے مہر محمد یاسر شہید اور سپاہی اختر خان شہید کو ستارہ شجاعت کے اعزاز سے نوازا۔ سید جواد قمراور محترمہ صفیہ شہید کو شجاعت کے اعتراف میں ستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔
تقریب میں بریگیڈیئر راناعرفان شکیل رامے اور لیفٹیننٹ کرنل فاروق شہباز کو خدمات میں ستارہ امتیاز دیا گیا۔ روتھ دینی لیکر ڈال کو خدمات پاکستان کے شعبہ میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
عمت سرحدی، گلوکار محمدعلی شہکی کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی کا اعزاز دیا گیا۔ اداکارہمایوں سعید اور گلوکارعلی ظفر کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کا اعزاز دیا گیا. اداکارہ ریشم کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
صدر مملکت نے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔ پروفیسر ڈاکٹرحافظ مقصود علی شہید اور پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد شہید کوستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔
ڈاکٹرشفقت اللہ شیخ شہید اور ڈاکٹرمحمد یونس خان شہید کوستارہ شجاعت سے نوازا گیا۔ مرحوم ڈاکٹر طارق شفیع کیلئے ستارہ قائداعظم کا اعزاز دیا گیا۔
محمد فہیم کو فن کے شعبہ میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ محمدعمران قریشی کو خدمات عامہ کے شعبہ میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ ہارون رشید خان اور فخرالدین کو تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر فرحان سیف کو تعلیم کے شعبہ میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
