امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومت تابعدار الیکشن کمیشن چاہتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا الیکشن کمشنر سے استعفیٰ مانگنا کسی لحاظ سے درست نہیں۔ آئندہ الیکشن سے پہلےانتخابی اصلاحات کو یقینی بنایا جائے۔ تمام جماعتوں کو ملکر الیکشن ریفارمز پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست ڈائیلاگ ،دلیل اور صبروتحمل کا نام ہے۔ خوشحال پاکستان ہم سب کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ جمہوریت مضبوط ہو۔
سراج الحق نے کہا کہ خوشحال پاکستان کیلئے آزاد عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی ضرورت ہے۔ الیکشن کمیشن کو آزاد، بااختیار اور باوقار ہونا چاہیے۔ ملکی ترقی کیلئے اداروں کا آزاد اور خود مختار ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان، بیوروکریٹس اور جرنیلوں سمیت سب کا یکساں احتساب ہونا چاہیے۔ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد کشمیر پر بھارت نے قبضہ کیا۔
