شجاع آباد: عوامی راج پارٹی کے چیئرمین اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے چائے کے ہوٹل پر اپنے ہاتھ سے چائے بنائی۔
عوامی راج پارٹی کے چیئرمین اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی پنجاب کے علاقے شجاع آباد میں ایک ہوٹل پر پہنچے اور ہوٹل پر موجود لوگوں کے لیے اپنے ہاتھ سے چائے بنائی۔
جمشید دستی کو چائے بناتے دیکھ کر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور سیاسی لیڈر کو اپنے درمیان چائے کے ہوٹل پر دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر جمشید دستی نے ہم نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ میں مزدور طبقے کے درمیان پہنچ کر خوشی محسوس کر رہا ہوں اور مزدوروں کے درمیان رہ کر ہی ان کے حالات کو بہتر طریقے سے جانا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری اچھی تربیت ہی کی وجہ سے میں یہاں مزدور طبقے کے درمیان موجود ہوں۔ مجھے چائے بنانے میں کوئی عار محسوس نہیں ہوتا اور میں بچپن سے ہی چائے بناتا رہا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
جمشید احمد خان دستی نے 2008 کے انتخابات میں مظفر گڑھ میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ سے قومی اسمبلی کے حلقہ 178 سے انتخاب لڑا تھا جس میں کامیابی حاصل کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے پیپلز پارٹی اور پارلیمان سے استعفیٰ دے کر اگلے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کے کی حیثیت سے انتخاب لڑا اور حنا ربانی کھر کے والد کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔
